کراچی ایئر پورٹ پر امیگریشن کے عملے نے جعلی پاکستانی دستاویزات پر سعودی عرب جانے کی کوشش کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے امیگریشن حکام کے مطابق 2 مسافر شاہد خان پاسپورٹ نمبر EZ5854571 اور افضل خان پاسپورٹ نمبر DE6521691 پر جاری کیے گئے ورک ویزے اور پروٹیکٹر کے ذریعے سعودی عرب جانے کے لیے کراچی جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے۔
تمام مراحل اور بورڈنگ پاس کے اجراء کے بعد دونوں مسافر امیگریشن کے لیے پاسپورٹ کنٹرول کاؤنٹر پر پہنچے تو امیگریشن افسران ریاض خان اور گل شیر نے ان کی سفری دستاویزات کو مشکوک قرار دے دیا۔
مسافروں کی دستاویزات مزید تصدیق کے لیے امیگریشن گروپ انچارج ہدایت اللّٰہ کے پاس بھیجی گئیں، جن کی چھان بین سے پتہ چلا کہ دونوں مسافر جعلی پاسپورٹ پر سفر کر رہے تھے۔
امیگریشن حکام کے مطابق دونوں پاسپورٹس کے بائیو ڈیٹا پیجز تبدیل کیے گئے تھے۔
ان کی قومی حیثیت مشکوک ہونے پر ایئر پورٹ کے نادرا کے ون ونڈو آپریشن کاؤنٹر نے بھی ان کے شناختی کارڈ جعلی ہونے کی تصدیق کر دی، جس پر دونوں مسافروں کو آف لوڈ کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
Comments are closed.