یوم پاکستان کی 82ویں سالگرہ پر پاکستان ہاؤس برلن میں پرچم کشائی کی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی جرمن شہریوں اور پاکستانی برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستانی سفیر نے قومی ترانے کے ساتھ پرچم کشائی سرانجام دی۔
سفارتخانہ پاکستان برلن کے اعلامیہ کے مطابق تقریب میں حسب روایت سفارتخانہ کے افسران کی جانب سے صدر و وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، ان پیغامات میں اپنے آباء کی قربانیوں کے ادراک اور بحثیت قوم عزم و استقلال پر کاربند رہنے کا حوالہ شامل تھا۔
بعد ازاں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے شرکاء کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ اس دن ہم اپنے آباؤ اجداد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ اس عہد کی تجدید بھی کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کے استحکام, خوشحالی اور جدید خطوط پر ترقی کے لیے کوشاں رہیں گے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان اہداف کے حصول کے لیے لگن، محنت اور دیانتداری کے ان اصولوں پر عمل پیرا ہوں، جن کا پرچار قائداعظم محمد علی جناح نے کیا اور جن کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا بھی اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت ملنے تک یہ حمایت جاری رکھے گا۔
علاوہ ازیں اس موقع پر پاک جرمن دو طرفہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ تعلقات بذات خود اپنی گہرائی کے عکاس ہیں۔
سفیر نے اپنے خطاب میں او آئی سی کونسل آف فارن منسٹرز کے کامیاب انعقاد کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ آج کے دن کانفرنس کا انعقاد بلاشبہ پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
Comments are closed.