جرمنی کے دارالحکومت برلن میں دنیا کی سب سے بڑی بین الاقوامی سیاحتی نمائش ITB 2023 میں پاکستان پویلین کا افتتاح پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے کردیا۔
پاکستان پویلین کا اہتمام و انتظام پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC) اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے باہمی اشتراک سے کیا گیا ہے۔
پاکستان پویلین میں 13 نجی نمائش کنندگان/ ٹور آپریٹرز اور 4 صوبائی سیاحت کے محکمے عالمی سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے کے لیے اپنی پیشکشوں اور خدمات کی نمائش کر رہے ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان پویلین کے علاوہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے زیر اہتمام ایک علیحدہ بلوچستان پویلین کا افتتاح بھی کیا۔
سفارتخانہ پاکستان برلن کے اعلامیہ کے مطابق سفیر پاکستان نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے سیاحتی میلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنا واقعی ایک قابل فخر لمحہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی چیلنجوں کے باوجود محکموں کے مشترکہ تعاون یعنی پی ٹی ڈی سی، ٹی ڈیپ اور سفارتخانہ پاکستان برلن کے اشتراک سے ایک کامیاب نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ اس نمائش سے پاکستانی سیاحت کے فروغ میں B2B روابط کی ایک بڑی اور بھرپور سرگرمی متوقع ہے جو سیاحوں کی بڑی تعداد کو پاکستان کی طرف راغب کرنے کے قابل ہوگی۔
سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے پاکستان پویلین میں قائم ڈیجیٹل ٹورازم کارنر نے بہت سے بین الاقوامی مہمانوں کو اپنی طرف متوجہ کیا جنہوں نے جدید ورچوئل ریئلٹی گلاسز پر شمالی علاقہ جات اور موہنجوداڑو کی ورچوئل ریئلٹی سیر سے لطف اٹھایا۔
لوگوں نے اس جدید تصور کو سراہا اور مستقبل قریب میں ان خوبصورت مناظر کو دیکھنے کے لیے خود پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
تین روزہ نمائش 9 مارچ 2023 تک برلن میں جاری رہے گی جس میں 180 سے زائد ممالک کی نمائندگی ہزاروں نمائش کنندگان، سرکاری اور نجی دونوں شعبوں سے کر رہے ہیں۔
Comments are closed.