متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) کے رہنما فروغ نسیم نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والوں کو جھوٹ بولنے دیں، ججوں کے پلاٹس سے متعلق اگر کابینہ کا کوئی فیصلہ ہے تو فواد چودھری دکھا دیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ججوں کے پلاٹس، پنشن اور لاپتا افراد سے متعلق فواد چودھری اور شیریں مزاری کی باتیں درست نہیں۔
فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ جسٹس فائز عیسیٰ سے متعلق ریفرنس دائر کرنے کا عمران خان نے کہا تھا، اس موضوع سے متعلق مزید بات نہیں کرنا چاہتا، سب کے مفاد میں ہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ ریفرنس پر بات نہ کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں کابینہ نے ججز کو پلاٹ دینے کے خلاف فیصلہ کیا۔ اسلام آباد میں گرین بیلٹ پر ججز کی ہاؤسنگ کالونی بن گئی، پی ٹی آئی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ججز کو اس طرح سے پلاٹ نہیں دینے چاہئیں۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فروغ نسیم نے اس فیصلے پر علمدرآمد کروانے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ ’مجھے روز ججز کے سامنے پیش ہونا ہے میں کیسے ان کے سامنے پیش ہوں گا۔‘
Comments are closed.