وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب کشکول لے کر باہر جاتے ہیں تو ہمیں شرم آتی ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ 2018 میں پاکستان کی قسمت کے ساتھ کھیلا گیا، قوم کا 77 ارب روپیہ دریا برد ہوگیا، اس کا حساب کس سے لیں گے؟
وزیرِ اعظم نے کہا کہ کدھر ہے ہماری انصاف کرنے والی عدلیہ اور کیوں ازخود نوٹس نہیں لیا؟ ایسے منصوبے جس میں قوم کی دولت لُٹ گئی، کسی کو پرواہ تک نہیں؟
شہباز شریف نے کہا کہ کوئی تو بتائے یہ 77 ارب روپے قوم کے دریا برد ہوگئے، رونے دھونے اور ماضی میں جھانکنے سے کام نہیں چلے گا، ان معاملات کا صاف شفاف احتساب ضرور ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ظلم و زیادتی ہوئی تو اس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، کمٹمنٹ اور شوق سے ترقی کا سفر طے ہوتا ہے، جادو کی چھڑی سے نہیں، اچھے منصوبوں کو تباہ کردیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ آج جن کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا گیا وہ تمام منصوبے عوامی فلاح کے ہیں، میڈیکل سٹی کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے جس کی مجموعی لاگت 50 ارب روپے ہے۔
Comments are closed.