کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ تاجر جائز اور قانونی ٹیکس دینا چاہتے ہیں لیکن جب تک ناجائز ٹیکس لگے گا تاجر بجلی کا بل بھی ادا نہیں کریں گے، ہم ناجائز اور ظالمانہ ٹیکس کے خلاف دھرنا بھی دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کے بل میں تا جروں سے جبری وناجائز ریٹیلر سیلز ٹیکس کی وصولی کے خلاف کےالیکٹرک ہیڈ آفس پرلگائے گئے احتجاجی کیمپ سے خطاب کیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تاجر برادری سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، کل کراچی میں ایک ہی وقت میں 50 سے زائد مقامات پر دوپہر 2 بجے مارکیٹوں اور سڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ تاجر برادری اسی اتحاد و اتفاق کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں، تاجروں سے مشاورت کے بعد اگلے 3 سے 4 دن میں لاکھوں کی تعداد میں مارچ کریں گے، اگر پھر بھی ناجائز ٹیکس ختم نہ کیا تو ہم کراچی سمیت پورے ملک میں ہڑتال کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ اگر کے الیکٹرک نے بجلی کا بل ادا نہ کرنے پر اضافی چارجز لگائے تو ہم کے الیکٹرک کا بھی گھیراؤ کریں گے، کے الیکٹرک کی انتظامیہ حکومت سے بات کرے اور ایف بی آر کو کہہ دیں کہ ہم ٹیکس وصول نہیں کریں گے، ہم حکمرانوں سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا آپ کراچی کے علاوہ یہ ٹیکس کیوں وصول نہیں کرتے۔
انہوں نے مزید کہاکہ کراچی کے تاجر فکس ٹیکس دینے سے انکار نہیں کررہے ان کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ جائز ٹیکس وصول کیے جائیں، حکمران بتائیں کہ جاگیردار طبقے سے ٹیکس کیوں نہیں لگایا جاتا،آئی ایم ایف بھی جاگیرداروں اور وڈیروں پر ٹیکس عائد کرنے کا نہیں کہا جاتا۔ کیونکہ آئی ایم ایف بھی عوام کو غلام بنانا چاہتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ساری پارٹیاں ایک ہی ہیں اور سب آئی ایم کے غلام بنے ہوئے ہیں، پارٹیاں بدلتی رہتی ہیں لیکن وزیر خزانہ تبدیل نہیں ہوتا، ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ ناجائز ٹیکس کسی صورت قبول نہیں ، کے الیکٹرک سہولت کاری کا کام نہ کرے۔
Comments are closed.