پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ جب تک بیلٹ پیپر پر بلّے کا نشان ہے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جماعتیں عوام کے پاس جانے کو تیار نہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے جاتے جاتے فراڈ کیا، نگراں وزیر اعلیٰ کے پاس پالیسی بنانے کا مینڈیٹ نہیں، کونسل آف کامن انٹرسٹ تھی ہی نہیں، دو وزرائے اعلیٰ کے پاس مینڈیٹ ہی نہیں تھا۔
لطیف کھوسہ نے کہا کہ سیشن کورٹ کے دائرہ اختیار سے متعلق بھی ہماری درخواست کو مسترد کیا گیا، پاکستان کو اس وقت ڈکٹیٹ کون کر رہا ہے؟
پروگرام میں شریک ایک اور مہمان عابد زبیری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے الیکشن کی تاریخ دے دی تھی، قومی اسمبلی وزیراعظم کی ایڈوائس پر تحلیل ہوئی، آئین میں حلقہ بندیوں کا کوئی کام نہیں۔
عابد زبیری نے مزید کہا کہ الیکشن میں تاخیر کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم نے معاملے کو عدالت میں چیلنج کیا ہے، امریکی سفیر اور چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات عجیب سی بات ہے۔
Comments are closed.