وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جب تک بلاول بھٹو کی بات پر عمل کرتی رہی کامیاب رہی، اس وقت پی ڈی ایم کہاں ہے کہیں پذیرائی نہیں مل رہی، پی ڈی ایم کو کامیابی اس وقت ملے گی جب سب ساتھ ہوں گے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ ملکی مفادات کو ترجیح دیتی ہے، ملکی مفادات پر ہوسکتا ہے کسی بات پر وفاقی حکومت کو بھی سپورٹ کریں لیکن وفاقی حکومت کی نااہلی پر کوئی دورائے نہیں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات مارچ، اپریل میں کرانے کی تیاری کررہے ہیں، عوام کی خدمت کے لیے سکھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا گیا ہے، کچھ جگہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر سیوریج اور پانی کی لائن ڈالنے کی وجہ سے ہوئی۔
اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جب بھی کوئی نوٹس لیا قیمتیں بڑھتی گئی ہیں، وفاقی حکومت کوئی اچھا قدم اٹھاتی ہے تو ہم اس کا ساتھ ہیں لیکن ان سے اچھے کی امید کم ہے، غریب آدمی ایک وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ نے یہ بھی کہا کہ چینی اور آٹا پورے ملک میں مہنگا ہے، کیا اس میں قصور سندھ کا ہے؟ موجودہ صوتحال میں پی پی نے کبھی پوائنٹ اسکورنگ نہیں کی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مزدور کی کم از کم تنخواہ 25 ہزار کی، کسی صوبے میں ایسا نہیں ہوا، دیگر صوبوں سے بھی کہتا ہوں کہ مزدور کی کم از کم تنخواہ 25 ہزار رکھیں۔
Comments are closed.