جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام قائد اعظم اور محترمہ کلثوم نواز کی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن ٹوکیو کے صدر شیخ عارف کی جانب سے قائد اعظم محمد علی جناح اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی اہلیہ محترمہ کلثوم نواز کی برسی کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں قائد اعظم محمد علی جناح کے کردار اور ان کی زندگی پر روشنی ڈالی گئی جبکہ محترمہ کلثوم نواز کی پاکستان میں جمہوریت کے لیے جدوجہد پر بھی مقررین کے خطاب کیا اور دونوں رہنمائوں کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کو قائم کرنے والی عظیم شخصیت قائد اعظم محمد علی جناح اور پاکستان میں جمہوریت کی بقاہ کی جدوجہد کرنے والی عظیم شخصیت محترمہ کلثوم نواز کی برسی کا دن ہے ، ہم دونوں اہم شخصیات کی مغفرت کے لیے دعا گو ہیں۔
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا کہ یہ شریف خاندان کے لیے فخر کی بات ہے کہ قائد اعظم کی پیدائش کے دن میاں نواز شریف کی پیدائش ہوئی اور قائد اعظم کی وفات کا دن ہی محترمہ کلثوم نواز کی وفات کا دن ہے۔
اس موقع پر ن لیگ چلی کے چیئرمین شیخ تنویر نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور محترمہ کلثوم نواز دونوں ہی پاکستان کی عظیم شخصیات تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک نے قیام پاکستان اور ایک نے بقائے پاکستان کےلیے قربانیاں دیں ،ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ دونوں شخصیات کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے ۔
تقریب میں ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر چوہدری عنصر ، مرزا اکرم ، یوتھ ونگ ایشیائ کے جنرل سیکریٹری شیخ ذوالفقار ، یوتھ ونگ جاپان کے صدر ملک ارشد ، نائب صدر ابرار شاہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔
Comments are closed.