پاکستان میں سیاحت کے فروغ کےلیے جاپان میں پاکستانی سفارتخانہ کے زیر اہتمام ’پاکستان گندھارا سیمینار‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں بدھ مت کے ماہرین، بدھ بھکشوؤں، کاروباری شخصیات، سیاحتی تنظیموں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس تقریب کی میزبانی سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے کی۔
سیمینار کا مقصد پاکستان اور جاپان کے درمیان گہرے ثقافتی اور معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان پائی جانے والی دیرپا دوستی کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے تجارت، ٹیکنالوجی، تعلیم، اور سیاحتی شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان موثر تعاون پر روشنی ڈالی۔
سفیر پاکستان نے گندھارا تہذیب پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تہذیب کی باقیات اور آثارِ قدیمہ بدھ مت کے پیروکاروں اور ماہرین کو آج بھی اپنی جانب راغب کرتے ہیں۔
انہوں نے تقریب کے شرکا کو پاکستان کی دلکش ثقافت، تاریخی نوادرات اور پر خلوص مہمان نوازی سے مستفید ہونے کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی اور انہیں یقین دلایا کہ ایسی تقریبات کے انعقاد سے دونوں ممالک کے اقتصادی اور ثقافتی روابط بڑھانے میں مدد ملے گی۔
سیمینار کے شرکا کو پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثہ اور گندھارا تہذیب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
Comments are closed.