رمضان المبارک ہمیں صرف دینی نہیں بلکہ دنیاوی بھلائی کا بھی درس دیتا ہے، اس مہینے میں روزے کی حالت میں انسان ایک کھانے پینے سے دور رہ کر معاشرے کے ان غریبوں کا دکھ بھی سمجھ سکتا ہے جو عام دنوں میں ہمیں سمجھنے کا موقع کم ہی ملتا ہے۔
یہ بات جاپان میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ نے اپنے اعزاز میں جاپان کی معروف صحافتی تنظیم جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کی جانب سے دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں زکوٰۃ کی ادائیگی بھی اہم اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے جو اللّٰہ تعالیٰ نے صاحب حیثیت افراد پر فرض کی ہے تاکہ معاشرے کے ضرورت مند افراد کی مدد کی جاسکے۔
اس موقع پر سفارتخانے میں تعینات ڈیفنس اتاشی ایئر کموڈور یاسر ملک نے کہا کہ جاپان جیسے ملک میں مقیم ہمارے پاکستانی بھائی جس منظم اور دینی لگن کے ساتھ رمضان المبارک کا اہتمام کرتے ہیں اس سے پردیس میں رہ کر پاکستان کی کمی کم ہی محسوس ہوتی ہے، یقین ہے کہ مسلمانوں کے عمل اور کردار سے جاپانی بھی دین اسلام سے متاثر ہوتے ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ الحمد للّٰہ اس وقت اسلام جاپان میں سب سے تیزی سے پھیلنے والا مذہب بن چکا ہے جس میں یہاں مقیم مسلمانوں کا بہترین کردار بھی شامل ہے جس سے متاثر ہوکر جاپانی بھائی دین اسلام کی جانب مائل ہوتے ہیں۔
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا کہ جاپان میں جس دینی لگن کے ساتھ ہمارے پاکستانی بھائی رمضان المبارک کا اہتمام کرتے ہیں ایسی دینی گرمجوشی پر فخر محسوس ہوتا ہے۔
پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید نے کہا کہ ہمیں مسلمان ہونے پر فخر ہے اور مسلمان جس طرح جاپان میں رمضان المبارک کا اہتمام کرتے ہیں ہر پاکستانی کا دل چاہتا ہے کہ وہ رمضان المبارک جاپان میں ہی گزارے۔
سینئر پاکستانی شیخ افتخار عامر نے کہا کہ رمضان میں جس طرح پاکستانی مسلمان اپنے دل بڑا کرکے عبادات اورافطار کا اہتمام کرتے ہیں وہ دین اسلام کا ہی خاصہ ہے، آج کے اس افطار ڈنر میں سفیر پاکستان کی شرکت نے ہمارے حوصلے بڑھا دیے ہیں۔
سینئر لیگی رہنما خرم ایوب بھٹی نے کہا کہ رمضان المبارک دین اسلام کا اہم ترین مہینہ ہے اور ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اس مہینے میں اپنی بخشش کے لیے جتنی عبادات کرسکتا ہے کرے اور اپنی آخرت سنوار لے۔
ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر چوہدری انصر نے کہا کہ سفیر پاکستان نے اس محفل کو چار چاند لگا دیے ہیں خاص طو پر نماز مغرب کی امامت نے ہمیں ایک سفارتکار کا بہترین چہرہ دکھایا ہے ماضی میں ایسا کبھی دیکھنے میں نہیں آیا کہ کسی سفیر نے نماز کی امامت کی ہو۔
سینئر پاکستانی رمضان صدیق نے کہا کہ ان کی دعا ہے کہ رمضان کی برکت سے پاکستان میں تمام پاکستانیوں میں اتحاد پیدا ہو اور ملک کے حالات بھی بہتر ہوں۔
تقریب میں سینئر پاکستانی حاجی سلیم، امین کزانی، آصف قمر سمیت دیگر سینئر پاکستانیوں نے شرکت کی۔
آخر میں تقریب کے میزبان جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ان کی دعوت پر سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے اس افطار ڈنر میں شرکت کی، جبکہ ڈیفنس اتاشی یاسر ملک کے بھی شکر گزار ہیں کہ وہ بھی اس تقریب میں شریک ہوئے جس میں نہ صرف دینی گفتگو ہوئی بلکہ کمیونٹی ارکان کو سفیر پاکستان کی امامت میں نماز پڑھنے کا موقع بھی ملا۔
انہوں نے کہا کمہ وہ امید کرتے ہیں سفیر پاکستان کی قیادت میں جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل حل ہوں گے اور یہاں مقیم پاکستانی پاکستان کی ترقی میں بہترین کردار اد اکرسکیں گے۔
Comments are closed.