جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

جاپان میں زلزلہ، ہلاکتیں 30 ہو گئیں

جاپان جاپان کے صوبے اشیکاوا میں زلزلے سے ہلاک افراد کی تعداد 30 ہو گئی۔

مقامی حکام کے مطابق زلزلے سے نصف اموات اشیکاوا کے شہر وجیما میں ہوئیں۔

مقامی حکام نے بتایا ہے کہ وجیما میں زلزلے کے بعد ایک بڑی آگ نے متعدد گھروں کو لپیٹ میں لے لیا تھا۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ روز زلزلے کے بعد سے اب تک 50 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریسکیو کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سے 400 کلو میٹر دور وسطی صوبے اشیکاوا میں آنے والے زلزلے کی شدت 7.6 تھی۔

زلزلے کے بعد جاپان اور ارد گرد کے ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی، جو بعد میں سونامی ایڈوائزری میں تبدیل کر دی گئی تھی۔

7.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں درجنوں عمارتیں تباہ ہو گئیں، سڑکوں پر گہری دراڑیں پڑنے کے ساتھ رہائشی علاقے میں آگ بھڑک اٹھی اور ہزاروں گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔

زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں کی شاہراہیں بند اور بلٹ ٹرین سروس معطل کر دی گئی، جبکہ بتایا گیا کہ بحیرۂ جاپان کے ساحلی علاقے میں 1 میٹر اونچی سونامی کی لہریں ریکارڈ کی گئیں۔

ادھر نیگاتا، تویاما اور اشیکاوا صوبوں کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری ہونے کے بعد ہزاروں افراد کا انخلاء کرا لیا گیا تھا۔

دریں اثناء شمالی اور جنوبی کوریا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد روس اور شمالی کوریا نے کچھ ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.