83 سالہ ملاح کشتی پر اکیلے ہی بحر الکاہل کا سفر کرکے جاپان پہنچ چکے ہیں، کینیچی ہوری یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے سب سے معمر شخص بن گئے ہیں۔
کینیچی ہوری معروف مہم جُو ہیں، وہ کشتی رانی کے ماہر ہیں اور مختلف سمندروں میں سفر کرتے ہیں۔
انہوں نے مارچ میں سان فرانسسکو کی ایک بندرگاہ سے سفر کا آغاز کیا تھا اور آج صبح وہ مغربی جاپان کی ’کائے‘ نامی گزرگاہ پہنچے ہیں۔
1962 میں کینیچی ہوری نے صرف 23 برس کی عمر میں جاپان سے سان فرانسسکو کا بحری سفر تن تنہا طے کیا تھا، وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے بحر الکاہل کا سفر اکیلے کیا۔
جاپانی ملاح کی تعلقات عامہ ٹیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ کینیچی ہوری دنیا کے معمر ترین شخص ہیں جنہوں نے اکیلے، بغیر رُکے دنیا کے سب سے بڑے اور گہرے سمندر ’’بحر الکاہل‘‘ کا سفر کیا۔
1962 میں جب وہ سان فرانسسکو پہنچے تھے تو ان کے خوب چرچے ہوئے کیونکہ یہ بحری سفر انہوں نے پاسپورٹ کے بغیر کیا تھا۔
جمعے کو کینیچی نے ایک بلاگ میں کہا کہ 60 سال پہلے سفر کے دوران میں بہت مضطرب اور دباؤ میں تھا کہ شاید مجھے گرفتار کرلیا جائے گا لیکن اس بار سفر بہت مختلف تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بہت سے لوگوں نے الوداع کیا، میں ٹریکنگ سسٹم اور وائرلیس ریڈیو کے ذریعے لوگوں سے رابطے میں تھا۔
ہوری نے 1974 میں بھی اکیلے ایک طویل بحری سفر کیا تھا، علاوہ ازیں وہ 1978 سے 1982 کے درمیان بھی سفر کرچکے ہیں۔
Comments are closed.