جاپانی ایئر لائن کی غلطی سے مسافروں کے وارے نِیارے ہوگئے، لاکھوں مالیت کی ایئر ٹکٹس کئی مسافر چند ہزار میں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کی سب سے بڑی اور 5 اسٹار ایئر لائنز میں سے ایک، آل نپون ایئر ویز (ANA)، نے غیر ارادی طور پر بزنس کلاس کے ٹکٹوں کی قیمت کئی گنا کم کردی۔
کئی مسافروں نے 10 ہزار ڈالرز (8.2 لاکھ پاکستانی روپے) کی ٹکٹ صرف 300 ڈالرز (24 ہزار روپے) میں حاصل کرلی۔
جاپانی ایئر لائن نے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سے جاپان، پھر نیویارک اور واپس سنگاپور اور بالی جانے کے لیے ٹکٹوں کی غلط قیمت پیش کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک مسافر نے جکارتہ سے کیریبین بذریعہ ٹوکیو اور نیو یارک فرسٹ کلاس ٹکٹ کے صرف 8 سو 90 ڈالرز (73 ہزار روپے) ادا کیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر لائن کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ ان کی ویتنام کی ویب سائٹ پر خرابی کی وجہ سے پیش آیا، جس میں کرنسی کی تبدیلی کو غلط دکھایا گیا تھا۔
ایئر لائن نے یہ واضح نہیں کیا کہ کتنے مسافر اس آفر سے مستفید ہوئے تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک ماہ بعد استعمال ہونے والے ٹکٹوں کی قیمتیں تبدیل کرنے کا اختیار رکھتے ہیں لیکن مئی سے قبل استعمال کے لئے خریدے گئے رعایتی ٹکٹوں کے حوالے سے ان کا کوئی اختیار نہیں۔
Comments are closed.