جاپان میں پاکستانی آموں کے خوشگوار ذائقے نے بھارتی آموں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا، جاپان میں پاکستانی آموں کی مانگ میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ کی ذاتی کوششوں کے بعد موجودہ سیزن میں جاپان میں پاکستانی آموں کی کھپت میں دو سو فیصد اضافہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی برسوں کی محنت اور موجودہ سفیر رضا بشیر تارڑ کی جاپانی کاروباری اداروں سے ذاتی رابطوں اور روابط کے سبب جاپان میں پاکستانی آم کی مانگ میں زبردست اضافہ ہورہا ہے جبکہ پاکستانی آم اپنے بہترین ذائقے کے سبب جاپانی عوام میں مقبولیت حاصل کررہا ہے۔
اس حوالے سے گزشتہ روز جاپان کے مقبول سپر چین اسٹور کاسٹکو کے مینجنگ ڈائریکٹر کین تریلٹ اور سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے کیسا رازو چیبا کین میں آم چکھنے کی ایک تقریب میں شرکت کی اور موجودہ سیزن میں پاکستانی آموں کا افتتاح کیا۔
توقع کی جارہی ہے کہ اپنے بہترین ذائقے کے سبب جاپان میں پاکستانی آم اس سیزن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں دو سو فیصد اضافی فروخت ہوگا جبکہ بھارتی آم پاکستانی آموں کے مقابلے میں جاپان میں زیادہ پذیرائی حاصل نہیں کرسکا ہے۔
جاپان میں آموں کے سب سے بڑے درآمد کنندہ میاں رمضان صدیق کا کہنا ہے کہ سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ کی مکمل حمایت اور تعاون سے وہ امید کرتے ہیں کہ جلد جاپان میں پاکستانی آموں کی کھپت میں بہت زیادہ اضافہ ممکن ہوسکے گا۔
Comments are closed.