مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے ق لیگی رہنما چوہدری سالک حسین کے وفاقی کابینہ کا حلف اٹھانے کی تصدیق کردی۔
جیونیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو میں میاں جاوید لطیف نے گزشتہ روز وفاقی کابینہ کا حلف نہ اٹھانے کی وضاحت کی۔
انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ میں پارٹی کا شیڈول پروگرام تھا میں وہاں موجود تھا، آج وہاں سے واپس آیا ہوں ایک دو دن میں حلف ہوجائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ن لیگی رہنما نے کہا کہ بی این پی مینگل کے 2 وزراء اور ایک اور صاحب میرے ساتھ حلف اٹھائیں گے۔
اس پر حامد میر نے سوال کیا کہ کیا چوہدری سالک حسین بھی شہباز شریف کی کابینہ کا حلف اٹھائیں گے، جس پر میاں جاوید نے جواب میں کہا کہ جی، انشاء اللہ، بالکل ۔
دوران گفتگو ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو 2، 4 ماہ اور دیے جاتے تو لوگوں نے جوتے مار کر اقتدار سے باہر کرنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے یہ فیصلہ قومی ضرورت کے تحت لیا ،تمام جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ قومی حکومت بنانی چاہیے۔
میاں جاوید لطیف نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی والے نہ کسی کا لحاظ کرتے ہیں، نہ آئین اور نہ قانون کو مانتے ہیں اور پھر کہتے ہیں ہمیں دیوار سے لگایا جارہا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی والے بتائیں کہ ہم نے کونسا ایسا قدم اٹھایا ہے، جس کو انتقامی کارروائی کہا جائے؟
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف عید کے بعد پاکستان میں نظر آئیں گے۔
جاوید لطیف نے توشہ خانہ تو بہت چھوٹی بات ہے ابھی تو عمران خان حکومت کے بڑے اسکینڈلز سامنے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اداروں کے بلیک میل کرکے عمران خان حکومت میں آئے، ناکام ہونے کے باوجود یہ آج اداروں کو بلیک میل کررہے ہیں۔
Comments are closed.