سکھر میں سینئر صحافی جان محمد مہر پر قاتلانہ حملے کے بعد اسپتال میں غفلت برتے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر محکمہ صحت نے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے اسپتال میں غفلت برتنے پر 3 رکنی انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ ڈاکٹر شہاب الدین کی سربراہی میں کمیٹی کل تحقیقات کا آغاز کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی تحقیقات کر کے 5 روز میں اپنی رپورٹ جمع کروائے گی۔
واضح رہے کہ 13 اگست کی رات کو سکھر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں صحافی جان محمد مہر جاں بحق ہوگئے تھے۔
سینئر صحافی جان محمد مہر کو نجی اسپتال انتظامیہ نے دوسرے اسپتال لے جانے کا کہا تھا، واقعے کے وقت سول اسپتال سکھر کی سی ٹی اسکین، ایم آر آئی مشینیں خراب تھیں۔
صحافی جان محمد مہر پر آفس سے گھر جاتے ہوئے کوئنس روڈ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس کے باعث وہ زخمی ہوئے تھے اور انہیں تشویشناک حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔
Comments are closed.