بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کی جانب سے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے عہدے کے لیے نامزد کیئے گئے میر جان محمد جمالی بلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہو گئے۔
بلوچستان اسمبلی کے سیکریٹری کے مطابق آج سہ پہر 3 بجے اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر کی کامیابی کا اعلان کیا جائے گا۔
اس سے قبل آج میر جان محمد جمالی کی جانب سے اسپیکر کے لیے کاغذاتِ نامزدگی بلوچستان اسمبلی میں جمع کرائے گئے تھے۔
بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے رہنما طارق مگسی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ باہمی اتفاقِ رائے سے سسٹم چلے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے میری نو منتخب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے بات چیت ہوئی ہے۔
طارق مگسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے بعد کابینہ کی تشکیل بھی جلد ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ نئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کے انتخاب کے لیے گورنر بلوچستان کی جانب سے اسمبلی کا اجلاس آج طلب کیا گیا تھا۔
بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) نے میر جان محمد جمالی کو اسپیکر کے عہدے کے لئے نامزد کیا تھا۔
گزشتہ روز عبدالقدوس بزنجو نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان منتخب ہونے کے بعد عہدے کا حلف اٹھایا تھا، انہیں 65 کے ایوان میں 39 ووٹ ملے تھے۔
Comments are closed.