بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

جامعہ کراچی کے دو طلبہ کیلئے اعزاز، امریکا میں کانفرنس میں شرکت کریں گے

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے دو پی ایچ ڈی طالب علموں بشمول محمد جمال اور زید عبدالرزاق نے انٹرنیشنل سوسائٹی فار نیورو کیمسٹری کا ”آئی ایس این ٹریول ایوارڈ“ اپنے نام کرلیا۔

اس ایوارڈ کے تحت دونوں اسکالرز اب 28 اگست اور یکم ستمبر 2022ء کے دوران امریکا کے شہر ہونولولو میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل سوسائٹی فار نیورو کیمسٹری کے تحت آئی ایس این-اے پی ایس این 2022ء اجلاس میں شرکت کریں گے۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان نے جمعہ کو کہا کہ محمد جمال اور زید عبدالرزاق کا تعلق بالترتیب ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری اور ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیولر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی سے ہے، جہاں وہ پروفیسر ڈاکٹر شبانہ عثمان سمجی کی زیر نگرانی پی ایچ ڈی کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق 1965ء میں قائم کی گئی انٹرنیشنل سوسائٹی فار نیورو کیمسٹری واحد سوسائٹی ہے جو خالصتاً نیورو کیمسٹری پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔ یہ سوسائٹی مالیکیولر اور سیلولر نیوروسائنس کے تمام پہلوؤں کو فروغ دیتی ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے دونوں طالب علموں کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی سے جڑے ہوئے تمام طالب علم اپنی تعلیمی استعداد کی بنیاد پر ملکی اور غیر ملکی اعزازات حاصل کرنے کے لئے پُرعزم ہیں، ان باصلاحیت اور قابل نوجوان اسکالرز کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی اور سرپرست اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے بھی ہونہار طالب علموں کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.