کراچی یونیورسٹی میں چینی اساتذہ پر کیے گئے خودکش حملے میں ملوث خاتون کی گھر سے روانگی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کیس فائل کا حصہ بنا لی گئی ہے۔
فوٹیج میں حملہ آور کے شوہر کو بچوں سمیت گھر سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، خودکش حملے اور اس سے دو دن پہلے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی فوٹیجز جیو نیوز کو بھی موصول ہوئیں۔
خودکش حملہ آور شاری کا شوہر ہیبتان 24 اپریل کی شام 7:47 بجے گزری کے فلیٹ سے نکل کر نا معلوم مقام پر روانہ ہوا، فوٹیجز میں ہیبتان بشیر کے ساتھ اس کے دو بچے بھی جاتے دیکھے جاسکتے ہیں۔
خودکش حملہ آور خاتون 25 اپریل کی صبح 10:16 بجے فلیٹ سے جامعہ کراچی جانے کے لیے نکلی تھی، 25 اپریل کو حملہ میں ناکامی کے بعد خود کش حملہ آور شاری حیات 3:24 بجے واپس فلیٹ پر پہنچ گئی تھی۔
حملہ آور شاری 26 اپریل کی صبح 10:04 بجے پھر فلیٹ سے نکلی اور 20 منٹ بعد گھر واپس آگئی۔ 26 اپریل کو ہی شاری حیات دوپہر میں فلیٹ سے نکل کر دوبارہ جامعہ کراچی پہنچی اور خود کش حملہ کیا۔
Comments are closed.