جامعہ پشاور میں طالب علم کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، زخمی پولیس اہلکار کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ ملزم طالب علم کو گرفتار کر لیا گیا۔
پشاور یونیورسٹی میں طلباء تنظیم کے ارکان رکنیت سازی مہم کے دوران لڑ پڑے، واقعہ کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے ہاسٹلز میں سرچ آپریش کیا۔
پولیس کے مطابق طلباء کی لڑائی کے دوران فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ زخمی پولیس اہلکار کو خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر کے ملزم طالب علم کو گرفتار کیا گیا۔
انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر اقبال داوڑ نے جیو نیوز کو بتایا کہ پشاور یونیورسٹی میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی رکنیت سازی مہم جاری تھی۔
اس دوران تنظیم کے سابق رکن وقار مروت نے رکنیت کی معطلی پر لڑائی شروع کی، جس کی رکنیت بلدیاتی انتخابات میں مخالفین کو سپورٹ کرنے پر معطل کی گئی تھی۔
پشاور یونیورسٹی میں فائرنگ واقعہ کے بعد پولیس اور یونیورسٹی انتظامیہ نے ہاسٹلز میں مشترکا سرچ آپریشن کیا۔ لیکن کسی قسم کا کوئی اسلحہ برآمد نہیں ہوا۔
ترجمان پشاور یونیورسٹی کے مطابق فائرنگ کرنے والا ملزم یونیورسٹی کا فارغ التحصیل طالب علم تھا۔
Comments are closed.