قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور کمنٹیٹر ثناء میر بھی ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے کی خبریں منظر عام پر آنے پرخاموش نہ رہ سکیں۔
ثناء میر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ’ایکس‘پر انجری کی وجہ سے نسیم شاہ کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے خدشے سے متعلق ایک خبر کا لنک شیئر کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ورلڈ کپ کے قریب یہ ایک انتہائی افسوسناک خبر ہے۔
ثناء میر نے لکھا کہ یہ دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی کہ لوگ بابر اعظم کے ساتھ ڈریسنگ روم میں ہونے والی گفتگو کو میڈیا کے سامنے لا رہے ہیں۔
اُنہوں نے لکھا کہ جو بھی ڈریسنگ روم میں ہونے والی گفتگو کو باہر نکالتا ہے اس کو شرم آنی چاہیئے، یہ ٹیم کے تقدس کے خلاف ہے۔
ثناء میر نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ کوئی بھی انجری اس عمل سے زیادہ ٹیم کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی سری لنکا سے شکست کے بعد میڈیا پر یہ خبریں گردش کرنے لگی تھیں کہ کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں ہونے والی ٹیم میٹنگ میں زبردست تکرار ہوئی ہے۔
تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک سینئر کھلاڑی نے ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ’ٹیم کی توجہ صرف کرکٹ پر ہے اور ہمیں ناقدین کی بالکل بھی پروا نہیں ہے‘۔
اُنہوں نے کہا کہ’میچ ہارنے سے ہمارے ناقدین کو اپنی رائے دینے کا موقع ملا ہے لیکن یہ محض منفی قیاس آرائیاں ہیں‘۔
Comments are closed.