پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق کے وائرل کلپ کے بعد ان کے حق میں سامنے آگئے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امام الحق کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اپنے میچوں کے دوران والدین کی اسٹیڈیم سے غیر حاضری کی وجوہات بیان کی اور کہا کہ انہیں اپنی خراب کارکردگی کا خوف نہیں ہے بلکہ اسٹیڈیم میں بیٹھے تماشائیوں کا ہے کہ کہیں وہ والدین کے سامنے مجھے پرچی نہ کہہ دیں کیونکہ اگر ایسا ہوا تو مجھے بہت افسوس ہوگا، اسی وجہ سے آج تک والدین کو گراؤنڈ میچ دکھانے نہیں لایا۔
امام الحق کے پوڈ کاسٹ کے کچھ کلپس سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوئے تو جہاں صارفین نے امام الحق کو اس قسم کے نعروں پر دھیان نہ دینے کا مشورہ دیا، وہیں سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق بھی ان کے حق میں سامنے آگئے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے لکھا کہ ون ڈے رینکنگ میں آپ کی چوتھی پوزیشن بہت بڑی کامیابی ہے۔ قوم کو آپ پر فخر ہے اور مجھے یقین ہے کہ آپ کے والدین کو بھی آپ پر بہت فخر ہوگا کہ آپ محنت اور لگن سے تمام تر چیلنجز کا مقابلہ کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے یقین ہے کہ آپ کو براہ راست کھیلتے ہوئے دیکھ کر انہیں بے حد خوشی ہوگی۔
واضح رہے کہ امام الحق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتیجے ہیں۔ اپنے کریئر کے آغاز میں ان پر اپنے چچا کی وجہ سے ’پرچی‘ کی چھاپ لگ گئی تھی اور ان کو عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Comments are closed.