بدھ 25؍جمادی الثانی 1444ھ18؍جنوری 2023ء

ثابت ہوچکا الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کی راہ میں کیوں روڑے اٹکائے، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ ثابت ہوچکا الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کی راہ میں کیوں روڑے اٹکائے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے سلسلہ وار پیغامات میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) آزادانہ و شفاف انتخابات میں قطعاً یکسو نہیں ہے۔ 

 پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ زرداری سمجھتے ہیں کہ کوئی انہیں پوچھے گا نہیں، کراچی کو پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے تباہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں تازہ ترین بلدیاتی انتخابات کےحوالے سے رپورٹس کے بعد یہ بات واضح ہوچکی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ ووٹوں کے حصول کےلیے طاقت، بلیک میلنگ، پولیس اور پیسے کا بےدریغ استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ثابت ہوچکا کہ الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کی راہ میں کیوں روڑے اٹکائے۔ ثابت ہوچکا کہ مجرموں کے برسرِ اقتدار گروہ اور سرپرستوں نے ای وی ایم کی راہ میں کیوں روڑے اٹکائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے اشارہ دیا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کئی لوگ تحریک انصاف میں آنے کیلئے رابطے میں ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ای وی ایم شفافیت اور نتائج کی فوری دستیابی ممکن بناتی ہے، ای وی ایم سے دھاندلی اور نتائج میں رد و بدل کے دروازے بند ہوتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کئی روز کی ناقابلِ فہم تاخیر سے موصول ہوئے، تاخیر سے موصول نتائج سے بڑے پیمانے پر گڑ بڑ کے امکانات ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن کمیشن، ریاست اور پی ڈی ایم ایسے انتخابات چاہتے ہیں تو ملکی استحکام میسر نہ ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ ایسے دھاندلی زدہ انتخابات احتجاج، انتشار کی شدت میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.