پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ تینوں میچز ہاتھ میں تھے مگر فنش نہیں کر پائے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران عماد وسیم نے کہا کہ ابتدا میں ہم نے اچھی بولنگ کی مگر آخر میں اچھی نہیں ہوئی، جو ہدف ملا اس کا تعاقب ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم فنش نہیں کر پا رہی ہے، فنشنگ کا مسئلہ ہے، اچھا بھلا کھیلتے کھیلتے وکٹ گنوا دیتے ہیں۔
عماد وسیم نے مزید کہا کہ فاسٹ بولر کا ایگریشن ہوتا ہے، اگر غلط کیا ہوتا تو ریفری عامر پر جرمانہ کرتے، عامر کے ساتھ کوئی فاسٹ بولر ایسا نہیں جو وکٹ لے کر دے۔
ان کا کہنا تھا کہ پلیئرز کو مضبوط ارادوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کوشش کریں گے کہ اس شکست کو بھلا کر کل اچھا کھیلیں، مارٹن گپٹل کی اننگز بہت شاندار تھی۔
کراچی کنگز کے کپتان نے یہ بھی کہا کہ ٹی 20 میں اہم ہے کہ اچھے اسٹارٹ کے بعد اچھا فنش کریں، ہم بری کرکٹ نہیں کھیلے، بہت قریبی میچز ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ شعیب ملک نے زبردست کھیلا، پاکستان میں ان جیسا مڈل آرڈر بیٹر نہیں، میں بابر کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا، میرا فوکس میری ٹیم ہے۔
عماد وسیم نے کہا کہ ایک بار جیت ملے گی تو شکستوں سے آگے بڑھیں گے، ایک میچ جیت کر سب کا اعتماد واپس آجائے گا، مجھے یقین ہے ہم کم بیک کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں سارے میچ ونرز ہیں، کامبی نیشن بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہمیں بیٹھ کر سوچنا ہوگا کہ کیا کامبی نیشن لے کر چلنا ہے۔
کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ دو میچز بولنگ، ایک میچ بیٹنگ کی وجہ سے ہارے، ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے تو اب بھی پلے آف کیلئے کوالیفائی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابھی دیکھیں گے کہ لاہور کے خلاف کیا حکمت عملی اختیار کرنی ہے، اب تک تو ہماری حکمت عملی ناکام رہی ہے، ہر میچ میں ٹیم جیتنے کی کوشش کرتی ہے۔
Comments are closed.