وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ 30 سال پہلے جو ٹیکنالوجی پڑھائی یا دکھائی جاتی تھی اب وہ حقیقت بن گئی ہے، ٹیکنالوجی کی مدد سے کورونا وائرس کے حوالے سے اہم فیصلے کیئے، بہت سارے فیصلے غیر مقبول تھے لیکن ان کے اچھے نتائج ملے۔
وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی، کمشنر کراچی اور افسران نے جامعہ کراچی میں انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز میں عالمی نمائش کے افتتاح کے سلسلے میں آنے والے وزیرِ اعلیٰ سندھ کا استقبال کیا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عالمی نمائش کا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی اب تمام مسائل، چاہے وہ صحت ہو یا بینکنگ سب کا حل رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے ہم نے کورونا وائرس کے حوالے سے اہم فیصلے کیئے، آج سندھ میں کورونا کیسز کی شرح 7 فیصد ہے، ہم 20000 کورونا ٹیسٹ روزانہ کر رہے ہیں، اس سے پہلے 1000 ٹیسٹ کرنے کا بھی سوچنا مشکل تھا۔
انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ سے ٹیکنالوجی اور تعلیم میں ہم بہت ترقی کر سکتے ہیں، آج صحت سے متعلق نمائش کا انعقاد بھی ٹیکنالوجی کی کامیابی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ سال کوویڈ کے حملے کے بعد 500 ملین روپے کا فنڈ قائم کیا، اس فنڈ سے ہم متاثرہ لوگوں کی مدد کرنا چاہتے تھے، مگر اس میں جو کامیابی ملنی چاہیئے تھی وہ نہیں ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ کوویڈ سے کاروبار متاثر ہوا لیکن اب کاروبار آن لائن ہو رہا ہے، اب اہم اجلاس بھی آن لائن ہو رہے ہیں جو ٹیکنالوجی کی کامیابی ہے۔
تقریب کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو میں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے کورونا وائرس کی وباء پر قابو پایا، صحت کی بہتری کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی مدد لی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز میں عالمی نمائش 2 روز تک جاری رہے گی۔
Comments are closed.