پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ: تیسرے ٹی 20 میں بابر اعظم کے 122 رنز، شاندار فتح پر شائقین خوشی سے نہال
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں نو وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کر لی ہے۔
دونوں ٹیموں کے دوران یہ میچ آج جنوبی افریقہ کے شہر سنچورین میں کھیلا گیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے 122 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی جس کا اختتام لیزاڈ ولیمز کی گیند پر ہائینریک کلاسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر ہوا۔
بابر اعظم کو اپنی شاندار بیٹنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
سوشل میڈیا پر جہاں پہلے ہی بابر اعظم کے ون ڈے رینکنگز میں پہلے درجے پر آنے کی خوشی منائی جا رہی تھی، وہاں بدھ کی جیت نے پاکستانی کرکٹ شائقین کو جشن منانے کا ایک اور موقع فراہم کر دیا۔
صارف فبیحہ شیرازی نے بابر اعظم کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یہی شخص پاکستانی لوگوں کی خوشیوں کی وجہ ہے۔
پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی نے لکھا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی بیٹنگ کے باعث یہ میچ بہت آسان نظر آ رہا تھا۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے آج اپنے ٹی 20 کریئر کی پہلی سنچری بنائی ہے اور یہ سنچری اُنھوں نے صرف 49 گیندوں پر بنائی۔
صارف جنید ظفر نے لکھا کہ سنہ 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی اور سنہ 2009 کی ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد یہ اُن کی زندگی کا سب سے زبردست دن ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ 14 اپریل کو ‘بابر اعظم ڈے’ قرار دیا جائے۔
صارف علی حسن نے لکھا کہ پاکستان جس کو چاہے ہرا دیتا ہے اور جس سے چاہے ہار جاتا ہے۔ یہ پاکستان اور حریف کا مقابلہ نہیں بلکہ پاکستان کا پاکستان سے مقابلہ ہے۔
اُنھوں نے بابر اعظم کو اُن کی اننگز پر مبارکباد بھی دی۔
جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان نے ہدف صرف ایک وکٹ کے ہی نقصان پر 18 اوورز میں پورا کر لیا۔
پاکستانی ٹیم کے اوپنر محمد رضوان نے دوسرا بڑا سکور کیا۔ اُنھوں نے 73 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
فخر زمان نے پاکستان کی جانب سے آٹھ رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستانی کپتان اور اوپنر بابر اعظم نے 122 رنز کا سکور صرف 59 گیندوں پر 15 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنا کر اپنی ٹیم کو فتح کے اتنا قریب کر دیا کہ اُن کے بعد آنے والے فخر زمان کو صرف آٹھ رنز ہی مزید بنانے پڑے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بدھ کو جاری ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ون ڈے رینکنگز میں بابر اعظم دنیا کے نمبر ون بلّے باز قرار پائے ہیں۔
اُنھوں نے پانچ سال سے پہلے نمبر پر موجود انڈین بلّے باز ویراٹ کوہلی کی جگہ پر یہ درجہ حاصل کیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر محمد نواز رہے جنھوں نے چار اوورز میں 38 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور فہیم اشرف ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مرکرام نے سب سے زیادہ سکور کیا۔ اُنھوں نے 31 گیندوں پر چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے تاہم اس کے بعد وہ محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اوپر ایڈن مرکرام کے بعد سب سے زیادہ سکور اُن کے ساتھی اوپنر جینیمن ملان نے کیا جنھوں نے 40 گیندوں پر 55 رنز بنائے۔
اُن کو پویلین کی راہ محمد نواز نے ہی دکھائی جن کی گیند پر ملان فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے پاکستان کی واحد وکٹ لیزاڈ ولیمز نے بابر اعظم کی حاصل کی۔
پاکستانی ٹیم اس وقت جنوبی افریقہ کے دورے پر موجود ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کے ساتھ ون ڈے سیریز بھی جیتی ہے جسے کرکٹ مبصرین کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے لیے نہ صرف ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا تھا، بلکہ یہ بھی کہا گیا تھا کہ جنوبی افریقہ کو کئی سالوں بعد اُن کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا ٹیم کے مورال میں بلندی کا سبب بنے گا۔
Comments are closed.