انگلینڈ نے گزشتہ میچ کی ہار کے بعد اب بھارت کو تیسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 76 رنز کی شرمناک شکست سے دوچار کردیا۔
لیڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ کے پہلے ہی دن انگلینڈ نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی تھی جب اس نے دنیا کی بہترین بیٹنگ لائن کہلائی جانے والی بھارت کو محض 78 رنز پر آل آؤٹ کردیا تھا۔
اس اننگز میں بھارت کی جانب سے صرف روہیت شرما 19 اور اجنکیا رہانے 18 رنز بناکر نمایاں رہے تھے جبکہ دوسرا کوئی بیٹسمین دہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکا۔
اس اننگز میں انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن اور کریگ اوورٹن نے 3، 3 جبکہ اولی رابنسن اور سیم کرن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور کپتان جو روٹ کی شاندار سنچری کی بدولت 432 رنز بورڈ پر سجا کر 354 رنز کی پہاڑ جیسی سبقت حاصل کرلی۔
بھارت نے دوسری اننگز میں انگلش بولرز کے سامنے مزاحمت کرنے کی کوشش کی، تاہم اس مرتبہ اولی رابنسن نے 5 وکٹیں لے کر بھارت کو شکست دے دہانے پر پہنچادیا جبکہ کریگ اوورٹن 3 وکٹیں لے کر دوسرے بہترین بولر رہے۔
بھارت کی جانب سے چتیشور پجارا 91، روہیت شرما 59 اور ویرات کوہلی 55 رنز کے ساتھ قابلِ ذکر بلے باز رہے، تاہم ان کی کارکردگی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بھی نہ بچاسکی۔
بھارتی ٹیم 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اننگز اور 76 رنز کی شکست سے دوچار ہوئی۔
خیال رہے کہ اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے 5 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی جبکہ ابھی دو ٹیسٹ میچز باقی ہیں۔
Comments are closed.