پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک بیٹے کی طبیعت خرابی کےباعث بنگلادیش کے خلاف تیسرے ٹی 20 کے لیےدستیاب نہیں ہوں گے، ان کی جگہ افتخار احمد کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری رسمی میچ میں شاہنواز دھانی کا ڈیبیو بھی کرایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بیٹے کی طبیعت خراب ہونے کے باعث پاکستان ٹیم کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک آج قومی ٹی 20 اسکواڈ کو چھوڑ دیں گے اور وہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
شعیب ملک مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ڈھاکا سے دبئی روانہ ہوجائیں گے جبکہ قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کل شام ساڑھے 6 بجے ڈھاکا سے بذریعہ دبئی وطن واپس روانہ ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل اسپنرز عماد وسیم اور عثمان قادر کچھ روز دبئی میں اہلخانہ کے ہمراہ قیام کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب قومی ٹیسٹ اسکواڈ کل دوپہر 3 بجے ڈھاکا سے چٹاگانگ روانہ ہوگا، بولنگ کنسلٹنٹ ویرنن فیلنڈر پہلے ٹیسٹ کے بعد اسکواڈ سے علیحدہ ہوجائیں گے، وہ یکم دسمبر کو جنوبی افریقا روانہ ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 26 نومبر سے چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4 دسمبر سے ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.