تیرہ سالہ لڑکا جس نے ڈرائیور کے بیہوش ہونے پر سٹیئرنگ سنبھال کر سب کو بچا لیا
امریکہ کی ریاست مشیگن میں ایک 13 سالہ لڑکے کی انتہائی حاضر دماغی اور جرات کے باعث لوگ اس کی تعریف کر رہے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ مشی گن کے سکول کے 66 طالب علم ایک تیز سوچ رکھنے والے 13 سالہ بچے کی بدولت محفوظ ہیں جس نے ڈرائیور کے بے ہوش ہو جانے کے بعد سکول بس کو محفوظ مقام تک پہنچایا۔
مشیگن کے وارین میں کارٹر مڈل سکول کے طالب علم ڈلن ریوز اس وقت بس میں پانچویں قطار میں بیٹھے تھے۔ انھوں جب یہ محسوس کیا کہ ڈرائیور نے اپنے ہوش و حواس کھو دیے ہیں تو اس تقریباً پانچ قطاریں پیچھے سے ڈرائیور کی سیٹ کی جانب چھلانگ لگا دی اور سٹیئرنگ سنبھال لی۔
ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس ڈرائیور اہلکاروں کو پیغام دے رہی ہیں کہ وہ ٹھیک نہیں ہے۔
قصبے کے لوگ اس ہیرو بچے کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے ہیں۔
وارن کے کونسلر جوناتھن لیفرٹی نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا: ’ہمیں آپ کے بہادرانہ اقدامات پر بہت فخر ہے!۔‘
سکول کے سپرنٹنڈنٹ رابرٹ لیورنوئس کے مطابق بدھ کے روز طلباء کارٹر مڈل سکول سے گھر واپس جا رہے تھے کہ بس ڈرائیور اپنے ’ہوش و حواس کھو بیٹھیں۔‘
اس واقعے کی ویڈیو جمعرات کو جاری ہوئی جس میں بس ڈرائیور ریڈیو پیغام رسانی کے اہلکاروں کو پیغام دے رہی ہیں کہ وہ ٹھیک نہیں ہے اور ہو سکتا ہے انھیں پیچھے ہٹنا پڑے۔
ڈلن کی حاضر دماغی کی لوگ تعریفیں کر رہے ہیں
حاضر دماغی
تھوڑی دیر بعد ڈرائیور نے سٹیئرنگ پر اپنی گرفت کھو دی اور ایک طرف کو لڑھک گئیں۔ اور بس اپنی لین سے بھٹکنے لگی۔ اس لمحے اس ویڈیو میں بچوں کے شور کو سنا جا سکتا ہے۔
لیورنوئس نے بتایا کہ ڈلن نے ’ڈرائیور کی حالت دیکھی اور آگے بڑھ کر بس ڈرائیور کے پاس پہنچ گیا جہاں اس نے بس کو روکنے میں مدد کی۔‘
بس کو روکنے کے بعد ڈلن نے کسی سے چیخ کر کہا کہ ’کوئی ایمرجنسی لائن 911 پر کال کرے۔‘
یہ بھی پڑھیے
بس ڈرائیور کی بیماری کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ ان کے ساتھ ڈرائیونگ کے دوران کوئی اور ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
جب پولیس نے ڈلن کے والدین کو بلایا تو ان کے والد سٹیو ریوز نے سب سے پہلے پوچھا کہ اب ’اس نے کیا کر دیا؟‘
مقامی میڈیا کے مطابق افسران نے کہا ارے ’نہیں، آپ کا بیٹا تو ہیرو ہے۔‘
ڈیٹرائٹ کے شمال میں تقریباً 30 منٹ کے فاصلے پر واقع قصبے کے ایک کونسل مین نے ڈلن کی تعریف کی کہ اس نے ’بس کو روک دیا اور اس طرح اس نے ممکنہ طور پر انتہائی المناک حادثے سے سب کو بچا لیا۔‘
اس واقعے کے بعد ڈلن سوتیلی ماں اریٹا ریوز نے فخریہ انداز میں فیس بک پر لکھا: ’وہ گھر آ گيا ہے اور ڈلن کی وجہ سے سب سلامت ہیں!‘
انھوں نے مزید لکھا کہ ’ڈلن کے لیے، یہ صرف ایک اور دن ہے، لیکن اسے اندازہ نہیں ہے کہ آج کتنے لوگ اس پر فخر کر رہے ہیں۔‘
Comments are closed.