تھائی لینڈ کی ایک 54 سالہ خاتون نے غلطی سے خود کو باتھ روم میں لاک کرلیا اور تین دن تک مدد کے لیے چیختی رہیں۔
بینکاک کی رہائشی خاتون 22 اگست کو باتھ روم میں بند ہوئیں اور انہوں نے تین دن اندر ہی گزارے۔
جیسے ہی انہوں نے باتھ روم کا دروازہ بند کیا تو وہ لاک ہوگیا، خاتون کے پاس فون بھی نہیں تھا۔
وہ دروازہ پیٹتی اور مدد کے لیے پکارتی رہیں لیکن انہیں ریسکیو کرنے کوئی نہ آسکا۔
تین دن تک معمر خاتون کو صرف نل کے پانی پر گزارا کرنا پڑا، وہ شدید ذہنی دباؤ میں اپنی موت کا انتظار کرنے لگیں اور مختلف کریمیں استعمال کرکے باتھ روم کی دیوار پر اپنا آخری پیغام بھی تحریر کر دیا۔
خوش قسمتی سے ان کی بہن نے کئی دن رابطہ نا ہونے پر پولیس کو گمشدگی کے حوالے سے رپورٹ کیا۔
پولیس اسکواڈ خاتون کے گھر پر آیا، جب کسی نے دروازہ نہ کھولا تو انہوں نے لوہے کا دروزہ پھلانگ کر گھر کی تلاشی لینے کا سوچا۔
پولیس خاتون کے گھر داخل ہونے میں کامیاب رہی اور باتھ روم کا دروازہ توڑ کر انہیں باہر نکالا۔
خاتون کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا اور باتھ روم پر تحریر کردہ پیغام کی تصویر کھینچی۔
خاتون نے لکھا تھا کہ میں 22 اگست سے یہاں پھنسی ہوئی ہوں، جے لیک سے کہنا میری وصیت کا خیال رکھے، فلاں کی جائیداد فلاں کو دے دینا۔
میں صرف نل کے پانی پر زندہ ہوں، پانی نہیں ہوتا تو میں مرچکی ہوتی، میں نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی، مدد کے لیے پکارا لیکن کسی نے مجھے نہیں سنا۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 54 سالہ خاتون کمزور ضرور ہیں لیکن مجموعی طور پر وہ صحت مند ہیں اور جلد ہی مکمل روبہ صحت ہوجائیں گی۔
Comments are closed.