اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہینِ عدالت کیس میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے وکیل کے بیمار ہونے پر سماعت ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے توہینِ عدالت کیس کی سماعت کی۔
گلگت بلتستان کی سپریم ایپلیٹ کورٹ کے سابق چیف جج رانا شمیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت اٹارنی جنرل روسٹرم پر آ گئے۔
چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ رانا شمیم کے وکیل کی بیماری کے باعث التواء کی درخواست آئی ہے۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کہا کہ ہم ان کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
اٹارنی جنرل نے گزشتہ سماعت کا آرڈر پڑھ کر سنایا اور کہا کہ عدالت نے انہیں اپنے دفاع میں بیانِ حلفی جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
رانا شمیم نے استدعا کی کہ مارچ کی کوئی تاریخ دے دیں۔
عدالت نے رانا شمیم کے وکیل عبداللطیف آفریدی کی بیماری کے باعث التواء کی درخواست منظور کرتے ہوئے رانا شمیم کو بیانِ حلفی جمع کرانے اور ایک کاپی اٹارنی جنرل کو فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کیس کی مزید سماعت 7 مارچ تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ رانا شمیم کے بیانِ حلفی کی اشاعت پر توہینِ عدالت کیس زیرِ سماعت ہے، عدالت نے گزشتہ سماعت پر رانا شمیم پر فردِ جرم عائد کی تھی۔
عدالتِ عالیہ نے صحافیوں کی حد تک فردِ جرم عائد کرنے کا معاملہ مؤخر کر دیا تھا۔
Comments are closed.