الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنرکی توہین کےکیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر دیے۔
الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا تاہم آج سماعت کے دوران یہ دونوں ذاتی حیثیت میں الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے۔
اسد عمر کی وکیل عمائمہ منصور نے کمیشن کو بتایا کہ مجھے کہا گیا ہے کہ شعیب شاہین آ رہے ہیں، انور منصور کا میڈیکل چیک اپ ہے، وہ چھٹی پر ہیں، ان کی جانب سے درخواست دی گئی ہے، اسد عمر ہر دفعہ پیش ہوتے ہیں، صرف آخری مرتبہ پیش نہیں ہوئے تھے۔
ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) اکرام اللّٰہ نے کہا کہ جوابدہ کو لازمی پیش ہونا ہوتا ہے، آدمی گھر بیٹھا ہو اور وکیل کہتے ہیں استثنیٰ دیں۔
ممبر نثار درانی نے کہا کہ اسد عمر کو پابند کریں کہ وہ پیش ہوں، ابھی اسد عمر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دیں۔
اسد عمر کی وکیل عمائمہ منصور نے کہا کہ فیصل چوہدری ہائی کورٹ میں ہیں، فواد چوہدری لاہور میں ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کر رہے ہیں، اب چارج ہی فریم کرنا ہے۔
Comments are closed.