اسرائیلی ایئرپورٹ میں امریکی شخص کے سامان سے توپ کا گولہ برآمد ہونے پر بھگڈر
اسرائیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک امریکی خاندان سے سکیورٹی چیک پوسٹ پر توپ کا گولہ برآمد ہونے سے خوف اور افراتفری پھیل گئی۔
حکام کے مطابق، اس امریکی خاندان نے یہ توپ کا گولہ اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں کے دورے کے دوران اٹھایا تھا۔ یہ اسرائیل اور شام کے درمیان متنازع علاقہ ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 1967 میں چھ روزہ جنگ کے دوران شام سے گولان کی پہاڑیوں کے زیادہ تر حصے پر قبضہ کر لیا تھا اور اس علاقے میں اب بھی جنگ کی باقیات پائی جاتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئرپورٹ پر موجود لوگ گھبرا کر بھاگ رہے ہیں۔
اس امریکی خاندان کو سکیورٹی حکام کی جانب سے ضروری تفتیش اور پوچھ گچھ کے بعد اپنی فلائیٹ میں بیٹھنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ سیکورٹی حکام نے انھیں کلیئر قرار دیا تھا۔
اسرائیل کی وائے نیٹ نیوز سائٹ کا کہنا ہے کہ جمعرات کی رات اسرائیل کے ایئرپورٹ پر پیش آنے والے اس واقعے میں امریکی خاندان کے ایک فرد نے اپنے بیک پیک سے اس توپ کے گولے کو نکالا اور سکیورٹی حکام سے پوچھا کہ کیا وہ اسے سوٹ کیس میں رکھ سکتے ہیں۔
اس نیوز ویب سائٹ کے مطابق سیکورٹی اہلکار نے فوری طور پر ان کے آس پاس کے افراد کو پیچھے ہٹنے کا حکم دیا لیکن قریب ہی کھڑے ایک اور مسافر نے انھیں غلط سنا اور شور مچانا شروع کر دیا کہ دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کے بعد وہاں خوف و ہراس پھیل گیا اور ایئر پورٹ پر بھگدڑ مچ گئی۔
یہ بھی پڑھیے
اسرائیل کے کان پبلک براڈکاسٹر کے ذریعے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں درجنوں لوگوں کو چیختے ہوئے اور ایئرپورٹ کے چیک ان ایریا سے بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ چند افراد پریشانی میں فرش پر لیٹ رہے ہیں۔
اس بھگدڑ کے باعث ایک 32 سالہ شخص یوری نے وہاں سے بھاگنے کی کوشش میں خود کو زخمی کر لیا جسے بعد ازاں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس شخص نے وائے نیٹ نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ ‘میں ہوائی اڈے پر ایک گھنٹے سے قطار میں کھڑا تھا جب میں چیک ان کاؤنٹر پر پہنچا تو اچانک پانچ میٹر (16 فٹ) کے دائرے میں لوگ اپنا سامان چھوڑ کر بھاگنے لگے۔’
‘اس وقت سب کو یہ خوف تھا کہ کوئی گولیاں چلا رہا ہے مجھے لگا کہ مجھے بھی وہاں سے بھاگنا چاہیے تو میں چیک ان کاؤنٹر کی جانب دوڑا اور سامان والی کنؤئیر بیلٹ سے ٹکرا گیا اور چھ میٹر دور جا کر گرا۔’
واضح رہے کہ اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب سے کچھ باہر بین گیورن ائیرپورٹ دنیا کا محفوظ ترین ائیرپورٹ تصور کیا جاتا ہے۔ یہاں مسافر اور گاڑیاں ٹرمینل اور چیک ان ایریا میں پہنچنے سے قبل مختلف سکیورٹی چیک پوسٹ سے گزر کر آتی ہیں۔
حالیہ ہفتوں میں ملک بھر میں کئی خوفناک حملوں کے بعد اسرائیل ہائی الرٹ پر ہے۔
Comments are closed.