سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اپنی رہائش گاہ سے اسلام آباد کی احتساب عدالت کے لیے روانہ ہو گئے۔
نواز شریف اپنے ذاتی اسکواڈ کے ساتھ براستہ مری ایکسپریس وے روانہ ہوئے ہیں، ان کے ہمراہ مریم نواز شریف اور وکلاء کی ٹیم بھی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی پیشی کے لیے وقت مقرر کر دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کو پیشی کے لیے ایک سے ڈیڑھ بجے کا وقت دے دیا۔
نواز شریف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ باقی روٹین کے کیس سن لیں، ہمیں وقت دیا جائے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اسلام آباد کی عدالتوں میں پیشی کے لیے وفاقی پولیس نے خصوصی سیکیورٹی فراہم کی ہے۔
ذرائع کے مطابق خصوصی سیکیورٹی میں 3 اسپیشل پولیس وین بھی شامل ہیں، اے ٹی ایس اہلکاروں کا اسپیشل دستہ بھی نواز شریف کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا خصوصی اسکواڈ نواز شریف کے ساتھ سکیورٹی ڈیوٹی دے گا، ان کو پہلے ہی سابق وزیرِ اعظم کی سیکیورٹی دی جاچکی ہے۔
توشہ خانہ کیس: نواز شریف آج عدالت میں پیش ہوں گے
واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف آج توشہ خانہ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے احتساب عدالت کا کمرہ مکمل خالی کرا لیا ہے، عملے نے کمرۂ عدالت کی سرچنگ اور سیکیورٹی چیکنگ کی۔
نواز شریف کی پیشی کے پیشِ نظر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح نے احتساب عدالت میں 3 درخواستیں دائر کر دیں۔
توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضم شدہ پراپرٹی بحال کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کا پلیڈر مقرر کیا جائے۔
عدالت میں نواز شریف کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔
سابق صدر آصف زرداری کی اسی توشہ خانہ کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی گئی۔
وکیل صفائی فاروق ایچ نائیک آصف زرداری کی جانب سے احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت آج مقرر ہے، احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم کے آج تک دائمی وارنٹ معطل کر رکھے ہیں۔
نواز شریف احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش ہوں گے۔
احتساب عدالت میں صرف متعلقہ وکلاء اور صحافیوں کو آج داخلے کی اجازت ہو گی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق نواز شریف کے آج پیش نہ ہونے پر دائمی وارنٹ بحال کر دیے جائیں گے۔
نوازشریف کے ساتھ توشہ خانہ کیس میں آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی بھی شریک ملزمان ہیں۔
Comments are closed.