جمعرات 24؍ذوالحجہ 1444ھ13؍جولائی 2023ء

توشہ خانہ کیس؛ پی ٹی آئی چیئرمین کی حاضری سے استثنیٰ کی استدعا منظور

عدالتی وارننگ کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان آج بھی توشہ خانہ کیس میں پیش نہیں ہوئے، تاہم آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ہوگئی۔

ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت کی۔ بیرسٹر گوہر علی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں مزید گواہان کو شامل کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس کو ہفتے کے روز سماعت کیلئے مقرر کر رہا ہوں۔ 

بیرسٹر گوہر علی نے استدعا کی کہ سماعت پیر والے روز ہو جائے تو بہتر ہوگا۔ 

عدالت نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن ہفتے کے روز جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء پیر کے روز مزید گواہان شامل کرنے سے متعلق درخواست پر دلائل دے دیں۔

الیکشن کیمیشن کے وکیل امجد پرویز نے استدعا کی کہ ہم 14 جولائی کو دلائل دینا چاہتے ہیں۔ 15 جولائی کو کچھ مصروفیات ہیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز کی استدعا منظور کرتے ہوئے تاریخ تبدیل کر دی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل کل دلائل دیں گے جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا پیر کو درخواست پر دلائل دیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

ایک اور مقدمے میں احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل میں چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 19 جولائی تک توسیع کردی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.