منگل 29رجب المرجب 1444ھ21؍فروری 2023ء

توشہ خانہ کیس، نیب نے عمران خان کو طلب کرلیا

توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کے معاملے میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم عمران خان کو طلب کر لیا۔ 

ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو 9 مارچ کی صبح نیب راولپنڈی میں طلب کیا گیا ہے۔

نوٹس میں عمران خان سے توشہ خانہ سے لیے گئے 7 تحائف کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق فوجداری کارروائی کے کیس میں عمران خان کو 28 فروری کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

نوٹس میں شامل تحفوں میں 6 رولیکس گھڑیوں کا سوال پوچھا گیا۔ 

قطری آرمی چیف کے دیے گئے ایک آئی فون کے بارے میں بھی سوال شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے عمران خان کے ساتھ بشریٰ بی بی کو بھی 9 مارچ کو طلب کرلیا ہے۔ 

توشہ خانہ کیس میں 7 مارچ کو پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی جبکہ فواد چوہدری کو 8 مارچ کو طلب کرلیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس نیب نے توشہ خانہ کیس میں کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔ 

ذرائع نے بتایا تھا کہ نیب توشہ خانہ کیس میں تمام مرکزی کرداروں کے خلاف کارروائی کرے گا۔

نیب ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان، فرح گوگی کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ شہزاد اکبر، ذلفی بخاری و دیگر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.