اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس قابلِ سماعت قرار دینے کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کر رہے ہیں۔
دورانِ سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث اور بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس میں کہا کہ زمانے بدل گئے، قدریں بدل گئیں، مگر ہم پرانی قدروں والے ہیں، آپ نے اعتراض کیا، یہ آپ کا حق ہے، کیا ہر چیز میں اعتراض کیا جا سکتا ہے؟ اس طرح کے معاملات میں شاید اسٹیکس زیادہ ہوتے ہیں، سیاسی معاملات ہوتے ہیں۔
وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں آج کیس سماعت کے لیے مقرر ہے، یہ کیس اب اسی جج کے سامنے نہیں جانا چاہیے۔
خواجہ حارث نے استدعا کی کہ اگر اجازت دیں تو آج ہی یہ کیس سن لیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کیس آج نہیں تو کل لگ جائے گا۔
وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ہماری کیس ٹرانسفر کی درخواست بھی اس عدالت میں زیرِ التواء ہے۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے 8 جولائی کو توشہ خانہ کیس قابلِ سماعت ہونے کا فیصلہ دیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کیس کے ٹرائل پر حکمِ امتناع دینے کی استدعا بھی کر رکھی ہے۔
Comments are closed.