وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے مشیر عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ سے تحائف لینا کوئی غیر قانونی کام نہیں، نواز شریف نے وزیر اعظم بن کر اپنی ملوں کو کہاں سے کہاں پہنچایا۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ پچھلے تین چار ماہ سے ہیجانی کیفیت ہے، ملک پر ڈاکوؤں کا ٹولہ مسلط کیا گیا، ان کے پاس سوائے این آر اوز لینے اور مُک مکا کے علاوہ کوئی سیاست نہیں ہے۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ اکنامک سروے میں انہوں نے خود قبول کیا کہ پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کو درست راہ پر ڈالا تھا، ملک کا کسان اور ایکسپورٹر خوشحال تھا۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس مخلص اور ایماندار قیادت تھی، عمران خان نے وزیر اعظم کے عہدے پر رہ کر ملک کے مفاد کو مقدم رکھا، عمران خان نے ہمیشہ انصاف کیلئے جدوجہد کی۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ہمیں فخر ہے ہمارا کپتان محب وطن پاکستانی ہے، عمران خان نے عالمی سطح پر ملک کے عزت و وقار میں اضافہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلے وفاق پھر پنجاب میں ہمارے خلاف سازش کی، انہوں نے پنجاب میں نوٹوں سے ہماری حکومت ختم کی، ہم نے ووٹ کی طاقت سے پنجاب کی حکومت واپس چھینی۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ان کے پاس عمران خان پر جھوٹے الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں، وزیراعلیٰ پنجاب سیلاب زدہ علاقوں کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں، پنجاب کے وسائل سیلاب زد گان کیلئے ترجیحی بنیاد پر صرف کر رہے ہیں۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان کا کام صرف فوٹو سیشن اور سرکاری وسائل مخالفیں کےخلاف استعمال کرنا ہے۔
Comments are closed.