بدھ 12؍صفر المظفر 1445ھ30؍اگست 2023ء

’تمہیں جیل بھیجیں گے‘ عدالت کا لاپتہ شہری بازیاب نہ کرنے پر پولیس نمائندے پر اظہار برہمی

سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے لیاری سے لاپتہ شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران چاکیواڑہ پولیس نمائندے پر برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں لیاری سے لاپتہ شہری سلمان کی بازیابی سے متعلق درخواست پر جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپوٹو نے سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے چاکیواڑہ پولیس نمائندے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ تمہیں جیل بھیجیں گے، لوگ پریشان ہو رہے ہیں اور تم بحث کر رہے ہو۔

عدالت نے پولیس نمائندے سے استفسار کیا کہ بتائیں، کہاں ہے شہری؟

جس پر پولیس نمائندے کا کہنا تھا کہ پتہ چلا ہے سلمان ہر 15 روز بعد اہلخانہ سےفون پر بات کر رہا ہے،  اہلخانہ نے کنفرم کیا ہے واٹس ایپ پر بات کرائی جا رہی ہے۔

جس پر عدالت نے مزید سوال کیا کہ جب آپ کو اتنا پتہ چل گیا تو پھر بازیاب کیوں نہیں ہوا؟ پھر گمشدہ شخص کا پتہ لگانے میں کیا مشکل ہے؟ 

دوران سماعت وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ لاپتہ سلمان کہاں ہے کچھ پتہ نہیں۔

بعد ازاں عدالت نے لیاری سے لاپتہ سلمان کی بازیابی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو عملی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.