ترجمان وزارتِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا جا رہا جبکہ تمام رجسٹرڈ غیر ملکی اس کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ یو این ایچ سی آر کا میڈیا کو دیا گیا بیان دیکھا، انخلاء کے منصوبے کا اطلاق پاکستان میں غیر قانونی مقیم تمام غیر ملکیوں پر ہوتا ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے اطلاق میں کسی بھی ملک یا شہریت کو ملحوظِ خاطر نہیں رکھا جا رہا جبکہ پاکستان میں مقیم تمام رجسٹرڈ غیر ملکی اس منصوبے کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پاکستان کے خود مختار قوانین، بین الاقوامی اصولوں کو مدِنظر رکھ کر کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان خراب صورتِ حال سے متاثر افراد کی سیکیورٹی، تحفظ کا عزم کیے ہوئے ہے، 40 سال سے لاکھوں افغان بہن بھائیوں کی میزبانی جیتا جاگتا ثبوت ہے۔
عالمی برادری ترجیحی بنیادوں پر مہاجرین کی صورتِ حال کو تحفظ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں کرے، پاکستان اس سے متعلق عالمی شراکت داروں کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔
Comments are closed.