مسلم لیگ نون کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان کا مسلم لیگ نون کی فیصلہ سازی میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔
جیو نیوز کے پروگرام’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ ان سے دونوں رہنماؤں کی مسلم لیگ نون میں ممکنہ شمولیت کے حوالے سے بات ہوئی تھی۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی فیصلہ سازی میں بنیادی کردار انہیں لوگوں کا ہوگا جنہوں نے پارٹی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
خیال رہے کہ علیم خان نے لندن میں مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے بھی ملاقات میں موجود تھے، جبکہ لندن میں ہی موجود پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین ملاقات میں موجود نہیں تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ علیم خان کی نواز شریف سے بدھ کو تین گھنٹے طویل ملاقات ہوئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علیم خان کے ترجمان نے لندن میں نواز شریف اور جہانگیر ترین سے علیم خان کی ملاقاتوں سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے۔
ترجمان میاں خالد محمود نے دعویٰ کیا کہ علیم خان کی لندن میں نواز شریف یا جہانگیر ترین سے ملاقات نہیں ہوئی۔
Comments are closed.