آپ یہ جان کر یقیناََ حیران ہوں گے کہ ترکی کے ایک شیف نے لذیذ ’خلائی کباب‘ تیار کرلیے ہیں۔
کچھ دنوں پہلے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بہت وائرل ہوئی جس میں ترکی کے شہر ادانا کے ایک مشہور شیف یاسر ایدین اور مقامی تاجر ادریس البیراک مل کر ’خلائی کباب‘ کو ہیلیم کے ایک بڑے غبارے سے باندھ کر 100 کلومیٹر کی بلندی پر بھیجتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
دراصل یاسر ایدین نے اپنے ریستوراں میں بھیڑ کے قیمے سے بنا ایک نیا’ پائپ کباب‘ متعارف کروایا ہے۔
اس کباب کو تیار کرنے کے لیے عام سیخ کباب کے برعکس ایک چوکور دھاتی پائپ کے گرد بھیڑ کا مصالحہ دار قیمہ لیپٹا جاتا ہے۔
اب 12 اپریل کو ترکی کے ادریس البیراک نامی تاجر نے عالمی خلائی دن منانے کے لیے اس نئے کباب کو ہیلیم کے ایک بڑے غبارے سے باندھ کر 100 کلومیٹر کی بلندی پر بھیجا جہاں زمین کا کرۂ ہوائی ختم ہوجاتا ہے۔
اس پائپ کباب کو اتنی بلندی پر بھیجنے سے پہلے ایک شفاف ڈبے میں کیمرا اور دوسرے آلات نصب کرکے پیک کیا گیا تاکہ کباب کے اس خلائی سفر پر نظر رکھی جاسکے۔
جب یہ کباب انتہائی بلندی پر پہنچ گیا تو غبارے کو پھاڑ دیا گیا اور کباب کا ڈبا ایک پیرا شوٹ کے ذریعے قریبی سمندر میں اتار لیا گیا۔
سمندر کے پاس ایک ٹیم پہلے سے ہی اس کباب کی منتظر تھی، ڈبے کو سمندر سے نکالنے کے بعد اس میں رکھے گئے کباب کو کھایا گیا تو وہ بالکل تازہ اور خستہ تھا۔
اس دن کے بعد سے اس پائپ کباب کی تشہیر کرنے کے لیے اسے’خلائی کباب‘ کا نام دے دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 12 اپریل کو عالمی خلائی دن منایا جاتا ہے کیونکہ پہلی انسانی خلائی پرواز سوویت خلانورد یوری گیگارین نے 12 اپریل 1961 کے روز کی تھی۔
Comments are closed.