ترکی میں ایک اور زلزلہ: تین ہلاک، ہاتائی شہر میں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے

Turkey

،تصویر کا ذریعہReuters

ترکی میں پیر کے روز 6.4 شدت کے ایک نئے زلزلے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس تازہ زلزلے میں ترکی اور شام میں 680 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی ایجنسی آفاد نے کہا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق آٹھ بج کر چار منٹ پر آیا، جس کے بعد درجنوں آفٹر شاکس آئے۔

خیال رہے کہ اسی علاقے میں 6 فروری کو 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں ترکی اور شام میں 44,000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ترکی کے وزیر داخلہ سلیمان سویلو نے کہا کہ پیر کے زلزلے سے ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق انتاکیا، ڈیفنے اور سمندگی سے ہے۔ انھوں نے شہریوں سے ممکنہ طور پر خطرناک عمارتوں میں داخلے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق پیر کے زلزلے سے ترکی میں 213 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ انتاکیا میں عمارتوں کو مزید نقصان پہنچا ہے جب کہ جنوبی ترکی میں ہاتائی کے میئر کا کہنا ہے کہ لوگ ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔

ایک مقامی ترک خاتون مونا العمر نے اپنے سات سالہ بیٹے کو تھامے روتے ہوئے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’مجھے لگا کہ میرے پاؤں تلے سے زمین پھٹنے والی ہے۔‘

واضح رہے کہ جب ترکی میں نیا زلزلہ آیا تو اس وقت مونا وسطی انطاکیہ کے ایک پارک نصب ایک خیمے میں تھیں۔

Turkey

،تصویر کا ذریعہScreengrab

اس خبر کو مزید اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ