پیر 10؍صفر المظفر 1445ھ28؍اگست 2023ء

ترکیہ میں جنگ و جیو ٹی وی کے نمائندے ڈاکٹر فرقان حمید کیلئے اعزاز

ترکیہ میں روزنامہ جنگ اور جیو ٹی وی کے نمائندے ڈاکٹر فرقان حمید دنیا کے اُن گنے چنے عالمی شہرت یافتہ قلم کاروں اور کالم نگاروں میں شامل ہوگئے ہیں جن کے کئی ایک کالموں کو جمہوریہ ترکیہ کے صدر کے اطلاعاتی ڈائیریکٹریٹ کی جانب سے شائع ہونے والی خصوصی کتاب TÜRKİYE YÜZYILI’NINLİDERİ ترکیہ صدی کا لیڈر (Türkiye’s leader of the century) عالمی میڈیا کی نظر سے کے زیر عنوان شائع کی گئی ہے۔

اس وقت اس کتاب کی پہلی جلد شائع کی گئی ہے۔ صدارتی اطلاعاتی ڈائیریکٹریٹ کے مطابق اس کتاب کو صرف خصوصی طور پر شائع کیا گیا ہے اور یہ کتاب فی الحال باہر کسی بک اسٹور پر دستیاب نہیں ہے تاہم جلد ہی اسے پبلک کے لیے بھی پیش کیے جانے کی توقع کی جا رہی ہے تاکہ ترک عوام، ان عالمی شہرت یافتہ کالم نگاروں، قلمکاروں اور رائٹرز کے صدر اردوان سے متعلق تحریر کیے گئے مضامین اور کالموں کو جن کو ترکی زبان میں ترجمہ کرکے پیش کیا گیا ہے پڑھنے کا موقع میسر آسکے۔

روزنامہ جنگ اور جیو کے نمائندے ڈاکٹر فرقان حمید پاکستان کے پہلے اور واحد کالم نگار ہیں جن کے کئی ایک کالموں کو اس خصوصی کتاب میں دنیا کے عالمی شہرت یافتہ ڑائٹرز کے ساتھ جگہ دی گئی ہے۔

اس خصوصی کتاب میں جگہ پانے والے اور روزنامہ جنگ میں شائع ہونے والے تمام کالموں کی تفصیل کتاب کے موصول ہونے کے بعد اپنے جنگ کے قارئین کے ساتھ شئیر کی جائیں گے۔

یاد رہے ڈاکٹر فرقان حمید ترکش ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن (ٹی آر ٹی) کی اردو سروس کے ہیڈ ہیں اور وہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے اردو ترجمان کی حیثیت سے بھی فرائض سراانجام دیتے رہتے ہیں۔ 

انہوں ہی نے سب سے پہلے ترکی۔اُردو اور اُردو۔ترکی زبان کی لغت تیار کی تھی جس کی تعارفی تقریب میں اُس وقت کے ترکیہ اور پاکستان کے صدور دونوں ہی نے حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹر فرقان حمید کو منفرد اعزاز بخشا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.