افغانستان میں پھنسے مسافروں کو لینے کیلئے آج صبح کابل پہنچنے والی ترکش ایئر لائن کی پرواز کو واپس روانگی کیلئے انتہائی نامساعد حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
پرواز ٹی کے 707 چار گھنٹے کی تاخیر سے منزل کی طرف روانہ ہو سکی ہے، ترکش ایئر لائن کی پرواز ٹی کے 706 آج صبح استنبول سے کابل پہنچی تھی۔
ایئرپورٹ پر افراتفری اور نامساعد صورتحال کی وجہ سے طیارے کو فوری لینڈنگ کی اجازت نہیں دی گئی، طیارہ لگ بھگ 40 منٹ تک افغانستان کی فضائی حدود میں چکر کاٹتا رہا۔
بعدازاں امریکی فوج کی جانب سے کابل ایئرپورٹ پر کنٹرول سنبھالنے کے بعد طیارے ترکش بوئنگ 777 کو لینڈ کرایا گیا۔
کابل ایئرپورٹ پر کسی بس اڈے جیسی صورتحال اور افراتفری کے دوران ترکش عملے نے بڑی بہادری سے مسافروں کی بورڈنگ مکمل کی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکش بوئنگ 777 نے مقامی وقت کے مطابق صبح سوا 9 بجے کابل سے استنبول کیلئے ٹیک آف کرنا تھا مگر ہنگامہ آرائی اور افراتفری کے دوران مسافروں کے تحفظ اور سیفٹی قوانین کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
طیارے کا انجن دو گھنٹے سے زائد وقت تک اسٹارٹ رہا۔ بالآخر دوپہر کو رن وے کو محفوظ قرار دیا گیا۔
مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے امریکی ایئر فورس کا طیارہ اڑنے میں کامیاب ہوا جس کے بعد ترکش طیارے کو اڑان بھرنے میں مزید ایک گھنٹے بعد اجازت ملی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پرواز ٹی کے 707 مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 18 منٹ پر ٹیک آف کرنے میں کامیاب ہوئی۔
Comments are closed.