پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے بلاول بھٹو زرداری کو ہیلتھ کارڈ کی آفر دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول کی شادی کے لئے نیک خواہشات رکھتا ہوں، بلاول لاہور میں بسنا چاہتے ہیں تو ان کو بھی ہیلتھ کارڈ دیں گے۔
پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سندھ میں تو لوگوں کو کوئی سہولت دے نہیں سکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل ہیلتھ کارڈ کی تقریب میں وزیر اعظم عمران خان شامل ہوں گے، بیرون ملک علاج کروانے والے یہاں آئیں گے تو ان کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا، ہم اپوزیشن کے تمام لیڈران کو علاج کے لیے ہیلتھ کارڈز دیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈیویلپمینٹ اتھارٹی ماحول دوست ادارہ ہے، اس اتھارٹی کی مدد سے صاف ماحول اور صحت مند معاشرہ قائم کرسکتے ہیں، لاہور میں اسمارٹ ٹریز ماحول کو صاف کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
حسان خاور نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ادارہ بنادیا گیا ہے، لاہور کو بے ہنگم طور پر بڑھنے دیا گیا ہے، اب ہمیں شہروں کو پھیلانا نہیں بلکہ اوپر کی طرف لیکر جانا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ لاہور کا جغرافیہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے تبدیل کردیں گے، لاہور ڈاؤن ٹاؤن کا افتتاح ہونے جارہا ہے، یہ ایک تاریخی منصوبہ ہوگا، اس منصوبے میں نجی سرمایہ کاری کے لیے لوگ آرہے ہیں۔
Comments are closed.