قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے نتائج کا سرکلر صدر عارف علوی کو بھجوا دیا۔
ذرائع قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق رزلٹ شیٹ پر مستعفی اسپیکر اسد قیصر نے دستخط کیے، وہ اسمبلی سے روانگی سے پہلے دستخط کر کے گئے تھے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ووٹنگ کے نتائج مکمل ہونے پر صرف نتائج کا اندراج کیا گیا، رولز کے تحت تحریک عدم اعتماد کے نتائج فوری طور پر صدر کو بھجوانا ضروری ہے۔
صدر کی منظوری سے آج تحریک عدم اعتماد کی منظوری کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہوگا، صدر کی منظوری سے نوٹیفکیشن سیکریٹری قومی اسمبلی جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب قومی اسمبلی نے عمران خان پر عدم اعتماد کر دیا جس کے بعد عمران خان پاکستان کے وزیرِ اعظم نہیں رہے۔
تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد کے حق میں 174 ووٹ آئے، پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے ووٹ نہیں ڈالا۔
پارلیمنٹ نے عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کے منصب سے فارغ کر دیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔
تحریکِ عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے اپنائے گئے تمام غیر آئینی حربے ناکام رہے۔
عمران خان تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے نکالے جانے والے ملک کے پہلے وزیرِ اعظم بن گئے۔
Comments are closed.