اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کسی صورت واپس نہیں لیں گے، ہمارا لانگ مارچ شاہراہ دستور پر ہوگا۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پی ڈی ایم اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔
پی ڈی ایم سربراہ نے صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویزالہٰی نےجو کچھ کہا ہے وہ واضح کہہ دیا، کل تک بات مزید کلیئر ہوجائے گی۔
صحافی نے استفسار کیا کہ کیا پیپلز پارٹی اور اے این پی واپس پی ڈی ایم کا حصہ بن گئی ہیں تو مولانا نے جواب دیا کہ یہ جماعتیں اپوزیشن میں شامل تھیں اس لیے مل کر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادیوں سے کچھ جزیات طے کرنا باقی ہیں وہ بھی جلد ہوجائیں گی، کل آصف علی زرداری کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دینے جاؤں گا۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کا آزادی مارچ 23 مارچ سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کارکنوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ 25 مارچ کی شام تک اسلام آباد میں داخل ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ او آئی سی کے وزراء خارجہ ہم سب کے مہمان ہیں، ان کا احترام لازم ہے، یہ مہمان 24 مارچ تک اسلام آباد میں ہوں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ او آئی سی کے وزراء خارجہ کے آنے اور جانے میں کوئی مشکلات نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہمارا مقصد ایک ہے تو ہم آج سب اکٹھے ہیں، میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ہم پوری قوت سے آئیں گے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ اسلام آباد سے دور کے علاقوں سے قافلے 23 مارچ کو روانہ ہوجائیں گے، ہماری طرف سے کوئی تاخیر نہیں اسمبلی اجلاس بلائیں ہم تیار ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا حکومت کے جلسے سے کوئی مقابلہ نہیں، ہم شاہراہ دستور پر جائیں گے، ہم کچھ دن کے لیے اسلام آباد میں رہیں گے۔
Comments are closed.