پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہ ہوئی تو معاملات گلی کوچوں تک جائیں گے، ہم آپ کے خلاف جہاد لڑ رہے ہیں، مت سوچو کہ تم بچ جاؤ گے۔
اسلام آباد میں شہباز شریف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کا تجربہ رکھتے ہیں، کل آپ نے دیکھا ایک گھنٹے سے کم وقت میں ملک جام ہوگیا۔
فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان سن لو ہم تم کو جام کرنا جانتے ہیں، آپ کی زبان بتارہی ہے آپ وزیراعظم کے منصب کے قابل نہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کے بعد عمران خان کیسے عوامی اجتماع میں جارہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شرافت تو اس میں پہلے ہی نہیں تھی، پیدائشی طور پر شرافت سے محروم ہے، جانے کس معاشرے میں پلا بڑھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے شرافت کا راستہ لیا ہے، تمہاری فطرت میں شرافت کا احترام نہیں ہے، گالیاں دیتے ہو، نام بگاڑتے ہو، بداخلاقی کرتے ہو۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں الیکشن کمیشن سےکہنا چاہتا ہوں کہ عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد وہ کیسے پبلک میں جارہا ہے، جب عدم اعتماد پیش ہوچکی ہے وہ کس طرح عوام میں جا رہا ہے، وہ کس طرح ڈی چوک پر لوگوں کو بلانے کی باتیں کر رہا ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہمارا دعویٰ ہے کہ ہمارے پاس اکثریت موجود ہے، سیاسی جنگ لڑو پوری دنیا کی اسمبلیوں میں ہوتا ہے، سیاسی جنگ لڑو، حواس باختہ کیوں ہوگئے ہو، گالیاں دینے پر کیوں آگئے ہو، خزاں جائے، بہار آئے نا آئے ، اصل چیز اس کا خاتمہ ہے۔
Comments are closed.